سوبھاگیہ سکیم شہر کو بہتر بجلی نظام فراہم نہ کرسکی!

 سرینگر // محکمہ بجلی کی سوبھاگیہ سکیم بھی شہر میں ابتر بجلی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام ہو گئی ہے اور آج بھی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کے مضبوط کھمبوں کی جگہ بجلی تاریں عارضی کھمبوں اور درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثات کاموجب بن سکتی ہیں ۔ہمدانیہ کالونی بمنہ ، کرسو راجباغ ، اولڈ برزلہ سرینگر ، ایچ ایم ٹی کے علاوہ شہر خاص کے متعدد علاقوں میں آج بھی بجلی کی لائنیں عارضی کھمبوں اور درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں جس سے کس بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ معمولی ہوا یا پھر بارش سے اُن علاقوں میں بجلی لائنیں زمین پر گر جاتی ہیں جس سے بڑا حادثہ رونما ہونے کا خطرہ رہتا ہے ۔کرسو راج باغ بنڈ کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا لیکن محکمہ کی جانب سے اُس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دیا جاتا ہے ۔یہ حال شہر کے ہمدانیا کالونی کا بھی ہے وہاں پر بھی عارضی کھمبوں کے ساتھ ترسیلی لائنوں کو باندھا گیا ہے ۔معلوم رہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں سوبھاگیہ سکیم کو اس غرض سے شروع کیا گیا تھا کہ جہاں کہیں بھی بجلی کے پرانے اور بوسیدہ کھمبے ہیں اُن کو بدل کر اُن کی جگہ نئے کھمبے نصب کئے جائیں اور ایسے کنبوں کو بجلی فراہم کی جائے جو بجلی سے محروم ہیںاس سکیم کی ڈیڈ لائن اگرچہ دسمبر 2018مقرر کی گئی تھی لیکن محکمہ نے ڈیڈ لائن تو دکھا دی لیکن کام ہونا ابھی بھی باقی ہے۔ اکثر علاقوں پر کوئی دھیان نہیں دیا جس کے نتیجے میں آج بھی لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔لوگوں نے مانگ کی ہے کہ اس جانب دھیان دیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔