سوئیہ بگ میں 10لاکھ کے زیوارت کی چوری

گاندربل// سوئیہ بگ بڈگام میں پولیس نے 2 روز قبل نقب زنی کا معمہ حل کرتے ہوئے 2ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ان کی تحویل سے 10لاکھ روپے مالیت کے چرائے گئے سونے کے زیورات برآمد کر لئے۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 9 نومبر کو پولیس چوکی سوئیہ بگ بڈگام کو شوکت احمد زرگر ولد غلام نبی ساکن ڈمبی پورہ بڈگام کی طرف سے تحریری درخواست موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ مین چوک سوئیہ بگ میں موجود اس کی زیورات کی دکان میں کچھ نامعلوم چوروں نے دکان کا شٹر توڑ کر سونے کے زیورات، جن کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے ہے، اڑا لئے۔معاملے کی نسبت پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس زیر نمبر337/2021 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔پولیس نے چوری کی اس واردات کی تحقیقات کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی۔ دوران تفتیش سی سی ٹی وی تصویریں حاصل کی گئیں جن کی بنیاد پر متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے تیکنیکی اور دیگر ذرائع کا سہارہ لیتے ہوئے چوکی افسر انسپکٹر توفیق کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم نے دو مشتبہ افراد سید ظفر شاہ عرف ظفر سپاری ولد سید مظفر،عمران حسین ملہ ولد غلام محمد ساکنان یکھمن پورہ پٹن ضلع بارہمولہ کو حراست میں لیا۔مسلسل پوچھ تاچھ کے دوران گرفتار ملزمان  نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔اعتراف جرم کرنے والے ملزمان کی نشاندہی پر تقریباً10 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد ہوئے۔