پونچھ //آل انڈیا سنی یوتھ ونگ پونچھ کا ایک اجلاس تنظیم کے صو بائی صدر اعجاز احمد مدنی کی صدارت میں منعقد ہواجس میں تنظیم کے دیگرممبران نے بھی شرکت کی۔اس دوران مختلف مذہبی امور پہ تبادلہِ خیال کیا گیا۔سنی یوتھ ارکان نے مرکزی جامع مسجد پونچھ کے خطیب و امام مفتی فاروق حسین مصبا حی کا ماہانہ مشاہرہ بڑھانے پرزور دیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے اعجاز احمد مدنی نے کہا کہ جب سے قومِ مسلم نے اپنے آ ئمہ کی قدرو منزلت کھو دی اور انہیں مسجد کا ملازم سمجھ لیا تب سے ملتِ اسلامیہ اخلاقی طور پر زوال پذیر اور پسماندہ ہوتی جارہی ہے۔مدنی نے کہا کہ مسلمان فضولیات میں لاکھوں روپے خرچ کرتا ہے، شادی بیاہ میں کروڑوں خرچ کرتا ہے مگر جب امام کو دینے کی بات آئے تو بغلیں جھانکتا نظر آتا ہے۔مدنی نے کہا کہ اوقاف کے وزیر بہت جلد پونچھ آرہے ہیں جنہوںنے اس بات کا یقین دلایاہے کہ آئمہ مساجد کے مشاہروں میں اضافہ کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ جس طرح سے اوقاف نے راجوری ضلع کے آئمہ مساجد کی تنخواہوں میں دو گنا اضافہ کیا ،ایسے ہی پونچھ کے مرکزی امام و خطیب مفتی فاروق حسین مصباحی کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا جائے کیونکہ مہنگائی کے اس دور میں ایک امامِ کیلئے محض پانچ ہزار روپے پر گزاراکرنا مشکل بات ہے ۔مدنی نے کہا کہ یہ ایک جائز مطالبہ ہے جسے حکومت کو فوراََ حل کرنا چاہیے۔اس موقعہ پر انہوںنے مزید کہاکہ پونچھ کی تاریخی عید گاہ جو اس وقت فوج کے قبضے میں ہے ،کا1947سے لیکر آج تک کوئی کرایہ نہیں ادا کیا گیا اور فوج غیر قانونی طور سے اس پر قابض ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو نماز عید پڑھنے کیلئے جگہ نہیں ملتی اور انہیں سخت دشواری کاسامناہے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اوقاف ایڈمنسٹریٹر پونچھ فوج سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوںنے غریبوں و مسکینوں کو امداد فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ پونچھ میںمسلمانوں کی دوکانوں پر قبضہ جمانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس قبضہ کو فوری طور پر ہٹایاجائے ۔اجلاس میں ظہیر ہمدانی،معشوق علی،سید عابد گیلانی،ارسلان راشد،ریاض مدنی،فاروق شیخ ،طارق چودھری وغیرہ نے بھی شرکت کی۔