سنیل شرما کا پناسا میں عوامی شکایات کے ازالہ کا کیمپ

 ریاسی//ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کی تیز تر ترقی اور منصوبہ بند طریقہ اختیار کر کے لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔پناسا ٹھکرا کوٹ میں منعقدہ ایک عوامی شکایات کے ازالہ کے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کو بہتر سڑک رابطے، پینے کا صاف پانی، بلا خلل بجلی کی  فراہمی اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں تمام کوششیں بروئے کا ر لارہی ہے۔وزیر نے کہا کہ نظام میں شفافیت لانے کے سلسلے میں ریاستی حکومت نے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں جن کی بدولت رشوت اور دیگر غیر قانونی حرکتوں کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔وزیر نے مزید کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں سماج کے پچھڑے طبقوں کی فلاح وبہبود کے لئے متعدد سکیموں پر عمل پیرا ہیں۔کیمپ میں اے ڈی ڈی سی، اے سی آر، اے ڈی سی، تحصیلدار اور دیگر ضلع افسران موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر نے جموں سے پناسا تک جے کے ایس آر ٹی سی کی بس چلانے کا اعلان کیا اور کہا کہ علاقے کے دیگر حصوں میں بھی بسیں چلانے کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے پناسا میں کھیل کے میدان کی تعمیر کے لئے10 لاکھ روپے کی فراہمی کا اعلان کیا۔کیمپ کے دوران لوگوں نے وزیر کے سامنے کئی مطالبات پیش کئے۔ وزیر نے لوگوں کے مطالبات بغور سُنے اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے جائیز مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کرے گی۔