سنگلدان و ملحقہ جات میں شدید اولہ باری

زاہد بشیر
گول//عید نماز کے فوراًبعد سب ڈویژن گول میں شدید ژالہ باری ہوئی اس دوران سنگلدان و ملحقہ جات میں اولہ باری کی وجہ سے پھل فروٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ عید نماز کے فوراً بعد پورے خطہ چناب میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہوا اس دوران کئی کئی مقامات پر شدید گن گرج کے دوران اولہ باری اور ژالہ باری بھی ہوئی جس وجہ سے بالخصوص زمیندار طبقہ کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ۔ یہاں سب ڈویژن گول کے سنگلدان ، ٹھٹھارکہ ، دلواہ ، اندھ ، چھچھواہ ، ملولکوٹ ، بڑا کنڈ ، وغیرہ علاقوں میں شدید اولہ باری کی وجہ سے سیب، ناشپاتی، اخروٹ، خوبانی ، آڑو و دیگر پھل فروٹ کو نوے فیصد نقصان پہنچا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے زمینداروں نے کہا کہ اولہ باری اس قدر شدید تھی کہ یہاں انسانوں کو بھی باہر نکلنا محال بن گیا تھا اور پچاس گرام کے گرام وزنی اولہ باری نے نہ صرف پھل فروٹ کو نقصان پہنچایا بلکہ درختوں کی ٹہنیاں بھی ٹوٹ کر گر گئیں اور اس طرح کی شدید اولہ باری پہلی بار دیکھی گئی ۔ لوگوں نے مزید کہا کہ پھل فروٹ کو نوے فیصد نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے محکمہ باغبانی سے مطالبہ کیا کہ علاقہ جات میں اس نقصانات کا جائزہ لے کر زمینداوں کو بھر پور معاوضہ دیا جائے تا کہ جن لوگوں کا انحصار زمینداری پر منحصر ہے ان کا کچھ مداوا ہو سکے ۔