سنگلدان میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی پراحتجاج

گول//سنگلدان بازار میں بڑا کنڈ کے لوگوں نے زوردار احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ گزشتہ چھ ماہ سے لگا تار پینے کے پانے کی عدم دستیابی سے دوچار ہے۔ اگر چہ کئی مرتبہ محکمہ اور انتظامیہ سے بھی اپیل کی تھی اور یقین دہانیوںکے سوا کچھ نہیں ملا ۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میںپی ایچ ای محکمہ مالدارافراد کو الگ سے پانی کی پائپیں دیتے ہیں اور الگ سے کنکشن دیتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے کے لوگ ہجرت کرنے پر مجبور ہیں ۔اومکار سنگھ نامی ایک شہری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ای محکمہ مالداروں کو موٹی موٹی رقوم حاصل کر کے پانی بیچ دیتے ہیں اور دوران شب حوضوں سے پانی نکالا جاتا ہے اور یہاں دوسری جانب غریب لوگ اور غریبوں کا مال مویشی پیاسے سے مر رہے ہیں اور محکمہ کو کوئی ترس نہیں آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ یہاں کے سرپنچوں اور پنچوں سے بھی مطالبہ کیا تھا لیکن انہوں نے بھی یہاں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے انصاف کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگوں کی بھی سنی جائے اور علاقے میں جلد از جلد پانی کی سپلائی کو بحال کیاجائے ۔