سنگرامہ سوپور میں خوفناک گرینیڈ دھماکہ

سوپور //سنگرامہ سوپور میںجنگجوؤں نے سی آر پی ایف پر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں تین اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے ۔لشکر طیبہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ایس پی سوپور جاوید اقبال نے بتایا کہ جنگجوئوں نے سنگرامہ چوک میں ڈیوٹی پر تعینات  177بٹالین  ڈی کمپنی سی آرپی ایف کی ایک پارٹی کو نشانہ بنایا۔انکا کہنا تھا کہ گرینیڈ اہلکاروں کے بیچ میں زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے آہنی ریزوں سے 3اہلکار اور ایک شہری مضروب ہوئے۔زخمی افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور میں داخل کیا گیا۔زخمی فورسز اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل رادھے شیام ،کانسٹیبل شکیل احمد اور کانسٹیبل دھرم داس تیواری جبکہ عام شہری کی شناخت ہلال احمد کھانڈے ولد عبدالقیوم ساکن سوپور کے بطور ہوئی ۔دھماکے کے فوراًبعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ حملے  کے بعدیہاں کچھ دیر کے لئے معمولات زندگی متاثر رہی ۔اس دوران پولیس وفورسز کے اعلیٰ حکام نے دھماکہ کی جگہ کا معائینہ کیا اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ، علاقے کا محاصرہ بھی کیا گیا تاہم حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا۔