سنگبازی کے الزامات: حاجن کے 4افراد پر سیفٹی ایکٹ

 بانڈی پورہ +ترال //حاجن بانڈی پورہ کے4افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کردیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ نے 10فروری کو چاروں پر پی ایس اے لاگو کرنے کے احکامات صادر کئے تھے۔ان میں محمد اسداللہ پرے ولد عبدالغنی پرے ساکن حاجن ، رئیس احمد بابا ولد مظفر بابا ساکن عشم سوناواری، محمد اظہر پرے ولد عبدالرحمان ساکن چندر گیر اور غلام محی الدین خان ولد نذیر احمد ساکن پری بل حاجن شامل ہیں۔ان پر احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے اور سنگبازی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسداللہ پرے مسلم لیگ سے وابستہ ہیں، کو اس سے پہلے بھی کئی بار مختلف الزامات کے تحت نظر بند رکھا گیا ہے۔اسے جون2015میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس پر مسلسل چھ بار پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا ۔چاروںپر پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں پیر کی صبح کورٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ۔ادھرترال کے مختلف علاقوں میں فورسز کی جانب سے شبانہ چھاپوں کے دوران نصف درجن کے قریب نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔ ہندورہ،ترال پائین،نئی بگ ،اور پستونہ وغیرہ علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ فورسز نے دوران شب چھاپے مار کر مذکورہ علاقوں سینصف درجن نوجوانوں کو گرفتار کیا ۔ واضح رہے دو روز قبل آری پل تحصیل کے نصف درجن دیہات کو محاصرے میں لے کر گھر گھر کی تلاشی لی گئی ہے ۔