وی اوآئی
کولگام//اسنور منزگام کولگام گاؤں کے لوگوں کو پچھلے کئی دنوں سے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے آج جل شکتی محکمہ کولگام پر ان کی حالت زار کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ۔ اس بیچ مکینوں نے ان کی حقیقی شکایات کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔ لوگوںکا کہنا تھا کہ ان کے گاؤں میں گزشتہ کچھ دنوں سے پانی کی شدید قلت ہے جبکہ حکام ان کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہیں۔ ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ 200 سے زائد گھرانے پینے کے پانی کی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے مقامی باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہیں۔ ایک اور رہائشی نے بتایا کہ ہمیں پانی کی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے اور بار بار کی درخواستوں کے باوجود نہ تو متعلقہ محکمہ اور نہ ہی انتظامیہ ہمارے مسائل کو حل کرنے کی زحمت گوارا کر رہی ہے۔دریں اثنا، مکینوں نے ڈپٹی کمشنر کولگام اور دیگر متعلقہ حکام سے اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کی اپیل کی۔