سنتھن ٹاپ پر برفباری میں پھنسے شہری | سبزی گاڑیوں میں سوار 2افراد لقمہ اجل، 2کو بچایا گیا

اننت ناگ //سنتھن ٹاپ کوکرناگ میں ایک دلدوز حادثہ میں برفباری میں پھنے 4افراد میں سے دو لقمہ اجل جبکہ 2کو انتظامیہ اور پولیس نے بچالیا۔پولیس کے مطابق سبزی سے لدی دو ٹاٹا موبائل گاڑیاں زیر نمبرات JK17 /9334 اور JK17 /0053 ہفتے 23اکتوبرکے روز اننت ناگ سے کشتواڑ کی طرف روانہ ہوئے تھے۔لیکن سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب سنتھن ٹاپ پر دونوں گاڑیاں بھاری برف باری میں پھنس گئیں۔ایس ڈی ایم کوکر ناگ سارب سہران نے بتایا کہ رات کے اڈھائی بجے انہیں واقعہ کی خبر ملی کس کے بعد ایس ڈی پی او کوکر ناگ ارشاد احمد،19آر آر کے کیپٹن پنکج کمار، محکمہ مال ، ڈرائیور اور فوج و پولیس  کے بہادر اہلکاروں نے 30کلو میٹر کا انتہائی دشوار گذارراستہ انتہائی دشوار ترین موسم میں دیگر مشینری کے ساتھ طے کیا  اور اسکے بعد 8کلو میٹر کا راستہ پیدل طے کیا۔بچائو کارروائی کے دوران سیول و حفاظتی عملہ سنتھن ٹاپ پر پہنچ گیا اور یہاں پھنسے 4افراد کو نکال لیا لیکن ایک شہری تب تک دم توڑ چکا تھا۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ لیجانے کے دوران راستے میں ہی ایک اور شخص دم توڑ بیٹھا۔انہوں نے کہا کہ آدھی رات سے آپریشن شروع کیا گیا اور اس میں 11گھنٹے لگ گئے جس کے دوران 2قیمتی جانوں کو بچا لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مہلوکین کی شناخت ڈرائیور امتیاز احمد میر ولد محمد رمضان میر ساکن کھولوچل کشتواڑ اور دائود احمد لون ولد عبدالمجید لون ساکن دھدنیٹھ کشتواڑ کے بطور ہوئی ہے۔حادثے میں عادل احمد اور عامر احمد کو بہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔