سناسر میں اندر دھنُش مہم اختتام پذیر

 
 رام بن //سناسر میںمنعقدہ ہفتہ بھر چلنے والی اندر دھنُش مہم اختتام پذیر ہوئی۔اس مہم کے تحت 2 سال سے کم عمر کے 33بچوں  اور 27حاملہ خواتین کو شیر کشمیر میموریل ہسپتال بٹوت کی جانب سے تما م ویکسین پلائے گئے ۔مہم کی قیادت بی ایم او بٹوت ڈاکٹر شکیل احمد سمبریا نے کی جس میں انہیں ڈاکٹر عادل اور ڈاکٹر کلجیش رکوال کے علاوہ آشا اور آنگن واڑی ورکروں نے معاونت کی ۔چیف میڈیکل افسر رام بن ڈاکٹر سیف الدین خان اور ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حُسین گنائی کی نگرانی میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ان بچوں کو کسی وجہ سے گُذشتہ ہفتہ ویکسین نہیں پلایا جاسکا تھا۔سناسر نیابت ضلع میں واحد ایک ایسا علاقہ تھا جس کا انتخاب ملک بھر میں جاری اندر دھنُش پروگرام کے لئے کیا گیا تھا ۔سرکار کا مقصد2020  کے آخر تک تقریباً89لاکھ بچوں کو ویکسین کرنا تھا جنہیں کسی وجہ سے ہسپتالوں میں 2 سال کی عمر تک ویکسین پلائی نہیں گئی تھی۔گذشتہ ہفتہ میں ہر ایک بچے کو وٹامن۔اے کی خوراک پلائی گئی تھی ا ور ہر ایک حاملہ خاتون کو آئرن سپلیمنٹ دیا گیا تھا ۔مہم کے آخری روز ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے گورنمنٹ مڈل سکول چاوری ،سناسر میں ویکسین پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا ،جہاں پر بی ایم او ڈاکٹر شکیل احمد نے طلاب کو ویکسین کی اہمیت اور اندر دھنش مہم کی جانکاری دی ۔