سنئی میں پانی کی پائپ لائنیں تباہ

سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے سات کلو میٹر دور سنئی علاقے میں پانی کی پائپ لائنیں تباہ ہوچکی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی طرف سے کوئی دھیان نہیں دیاجارہا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ پائپ لائنیں پہلے سے ہی پرانی تھیں جن کو سڑک کی تعمیرکے دوران مزید نقصان پہنچاہے اور اب ان سے پانی نکل رہاہے ۔ مقامی چوکیدارظفر احمد کے مطابق لوہر پنچایت سنئی ناڑی میں پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ تعمیرات عامہ نے جب سڑکوں کے لئے زمین کی کٹائی کی توپائپ لائنوں کو زبردست نقصان پہنچالیکن محکمہ پی ایچ ای نے مڑ کر نہیں دیکھا اور یہی وجہ ہے کہ آج بہت زیادہ پانی ضائع ہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ علاقے میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ا وراوپر سے سپلائی والا پانی بھی ضائع ہورہاہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ وہیں اپر سنئی پنچایت کے نذر حسین شاہ نے بتایا کہ ا ن کے گھروں کو جانے والی پائپ لائنیں بھی بوسیدہ ہوچکی ہیں جن کی جگہ نئی پائپیں لگانے کی ضرورت ہے تاہم محکمہ کو کوئی پرواہ نہیں ۔محکمہ پی ایچ ای کے اے ای ای سرنکوٹ نے بتایاکہ ایگزیکٹو انجینئر پونچھ نے پائپیں فراہم کرنے کا کہاہے اور بہت جلد ان کو تبدیل کیاجائے گا۔