سمرنجیت ، جیسمین اور ساکشی سیمی فائنل میں، ہندوستان کے ایشیائی مکہ بازی میں 12 تمغے یقینی کئے

 نئی دہلی ، 26 مئی (یواین آئی ) ٹوکیو اولمپک کے لئے ٹکٹ حاصل کرچکی ہندوستان کی خاتون مکہ باز سمرنجیت کور نے دو دیگر مکہ بازوں کے ساتھ دبئی میں جاری 2021 اے ایس بی سی خاتون اور مرد ایشیائی مکہ بازی چیمپئن شپ کے دوسرے روز منگل کو سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنالی ۔ اس طرح ہندوستان کی خواتین نے دبئی میں ملک کے لئے دس تمغے یقینی کرلیے ہیں۔ سمرنجیت کور (60 کلوگرام) ، ساکشی (54 کلوگرام) اور جیسمین (57 کلوگرام) نے آخری -4 مرحلے میں جگہ بنالی اور چھ بار کی عالمی چیمپئن ایم سی میری کام (51 کلوگرام) ، لال بُتسائی (64 کلوگرام) ، لیولینا بورگوہن (69) کلوگرام) ، پوجا رانی (75 کلوگرام) ، مونیکا (48 کلوگرام) ، سویٹی (81 کلوگرام) اور انوپما (+81 کلوگرام) کے ساتھ جا ملیں۔ سمرنجیت ، ساکشی اور جیسمین کی اس کامیابی سے ، ہندوستانی خواتین نے ہر وزن کے زمرے میں تمغے کو یقینی بنایا ہے ۔شیو تھاپا اور سنجیت نے بھی مردوں کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے ۔ ملک ، اب باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) اور متحدہ عرب امارات باکسنگ فیڈریشن کے ذریعہ مشترکہ طور پر منعقد اس ممتاز ٹورنامنٹ میں کم از کم 12 تمغے یقینی کرچکا ہے ۔چیمپین شپ کے تیسرے دن ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے والے باکسر امت پنگھل(52 کلوگرام) ، وکاس کرشنا (69 کلوگرام) اور آشیش کمار (75 کلوگرام) سمیت پانچ مرد ہندوستانی باکسر کوارٹر فائنل را¶نڈ میں مقابلہ کریں گے ۔ نریندر (+91) اور ورندر سنگھ (60 کلوگرام) بھی دیگر دو مکہ باز ہیں جو ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کرنے اور ملک کے لئے میڈل کو یقینی بنانے کے ارادے سے رنگ میں داخل ہوں گے ۔