سمبل جنسی زیادتی معاملہ

بانڈی پورہ//سمبل واقعہ کے سلسلے میںپولیس نے عدالت میں چارج شیٹ دائرکردیا ہے۔ چند روز قبل پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ معصوم بچی کیساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔پولیس نے پہلے ہی اس معاملے کے حوالے سے ایک  مقامی نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے سنیچر وار کو پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی خصوصی عدالت میںمبینہ ملزم کے خلاف چالان پیش کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ محکمہ نے واقعہ سے متعلق قائم کردہ تحقیقاتی ٹیم کے قیام کے صرف 17روز بعد ہی عدالت میں ملزم کیخلاف چارج شیٹ پیش کیا۔خیال رہے واقعے میں مبینہ ملزم کیخلاف پوسکو ایکٹ دفعہ 3، 5اور 376اے، بی اور 342آر پی سی کے تحت کیس درج ہے۔خیال رہے کہ سمبل  میں 3سالہ بچی کیساتھ جنسی زیادتی کے خلاف پوری وادی میں تشدد بھڑک اٹھا تھا اور ژینہ بل پٹن میں پر تشدد مظاہروں کے دوران ایک نوجوان ارشد حسین ڈار شدید زخمی ہوا تھا جو کچھ روز بعد صورہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ادھر اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی نے گزشتہ دنوں متاثرہ بچی کے حق میں ایک لاکھ روپے ریلیف واگذار کئے۔  مذکورہ رقم جموں وکشمیر وکٹم کمپنسیشن اسکیم 2013کے تحت ریلیز کی گئی۔