بھٹناگر نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذکاجائزہ لیا
جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، مرکزی سیکرٹری سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ انیتا کروال اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں و کشمیر میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور دیگر مختلف سکیموں کی مؤثر عمل آوری میں درپیش مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ ۔ میٹنگ میںبتایا گیا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جلد ہی 259 کروڑ روپے محکمہ خزانہ سے سماگرہ شکھشاابھیان کے لئے حاصل کرے گا۔ اس کے علاوہ وہ 28.1 کروڑ بطور یو ٹی شیئر بھی حاصل کرے گا جس کی بدولت 464کروڑ روپے کی یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ مرکزی حکومت کو ایک ہفتے کے اندر اندر جمع کرے گا۔ 464 کروڑ روپے کے پورے فنڈس کے استعمال کا سر ٹیفکیٹ جمع کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ محکمہ کو کہا گیا کہ وہ دیگر مالیاتی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ سکیم کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ مزید براں قومی تعلیمی پالیسی کے تحت سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے ودیا پرویش پروگرام کو فوری طور پر شروع کرنے کو کہا گیا جو کہ کلاس اول کے طلباء کیلئے پری اسکول کی تیاری کا پروگرام ہے ، جو بچوں کو اسکول کیلئے تیار کرتا ہے ۔ یہ پروگرام تین ماہ کے پلے ماڈیول پر مشتمل ہے اور اس میں سیکنڈری لیول پر ہندوستانی اشاروں کی زبان کا مضمون بھی شامل ہے ۔ قومی تعلیمی پالیسی یکم اپریل 2022 سے جموں و کشمیر میں لاگو ہو رہی ہے ۔ معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اساتذہ کو مناسب طریقے سے تربیت دینے کیلئے محکمہ سے کہا گیا کہ وہ این سی ای آر ٹی کے انٹی گریٹڈ ٹیچر ٹریننگ پروگرام نشٹھا 2.0 میں صد فیصد شرکت کو یقینی بنائے ۔ محکمہ کو اپنے تمام بلاک اور کلسٹر ریسورس سینٹرز کو فعال کرنے کیلئے بھی کہا گیا ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ 3 سے 8 سال کی عمر کے بچوں میں علمی نشو و نما کو فروغ دینے کیلئے مرکزی حکومت نے فہم اور عدد کے ساتھ پڑھنے میں مہارت کیلئے ایک قومی پہل شروع کی ہے ۔ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ملک کا ہر بچہ لازمی طور پر سال 2026-27 تک گریڈ 3 کے اختتام تک بنیادی خواندگی اور عددی ( ایف ایل این ) حاصل کر لے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن سے کہا گیا کہ وہ اس پہل کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کے تمام پرائمری سکولوں میں لاگو کرے ۔ اس موقع پرہر ضلع میں دس ماڈل سکول کھولنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ۔ مزید ایس ای ڈی سے کہا گیا کہ وہ تمام سکولوں میں صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے عمل میں کمال حاصل کرے اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت حکومت ہند کی طرف سے قائم کئے گئے سوچھ ودیالیہ پرسکار میں ان کی شرکت کو یقینی بنائے ۔