سمال سکیل صنعتی شعبہ کو بڑھاوا دینے کی ضرورت پر زور

 جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا کی صدارت میں جموں کشمیر سمال سکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 87 ویں میٹنگ منعقد ہوئی ۔ صنعت و حرفت کے وزیر مملکت فاروق احمد اندرابی ، وی سی سیکاپ علی محمد میر ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ ایم ڈی سیکاپ آر ایل ٹکو نے اس موقعہ پر کارپوریشن کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ سیکاپ کو نومبر 2017 کے آخر تک 518.87 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی ۔ علاوہ ازیں کارپوریشن کی مارکیٹنگ ، خام مواد اور دیگر سرگرمیوں میں سالانہ آمدنی میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کارپوریشن سے مزید تندہی اور لگن سے کام کرنے کی تاکید کی تا کہ اہداف اور مقاصد کو حاصل کیا جا سکے ۔ وزیر نے سمال سکیل انڈسٹریل سیکٹر کو بڑھاوا دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں روز گار کے کافی وسائل موجود ہیں ۔ انہوں نے سیکاپ منتظمین کو ہدایت دی کہ وہ چھوٹے صنعتی یونٹوں کو مدد دینے کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں ۔ وزیر نے کارپوریشن کے کام کاج میں شفافیت لانے کیلئے آئی ٹی خدمات ہاتھ میں لینے کیلئے کارپوریشن کی سراہنا کی ۔