سمارٹ سٹی پروجیکٹ گھنٹہ گھر سمیت اہم کام جی 20اجلاس سے قبل مکمل ہونگے: اطہر عامر خان

سرینگر // سرینگر میں گھنٹہ گھر سمیت دیگر اہم منصوبے جی 20اجلاس سے پہلے مکمل کر نے کا اعلان کرتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اطہر عامر خان نے کہا کہ ایئرپورٹ روڈ اور فلائی اوور کی بہتری اور شہر کو روشن کرنے کا کام پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور حال ہی میں پولو ویو مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا ۔ مولانا آزاد روڈ پر کچھ حصہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اطہر عامر خان نے کہا کہ شہر میں جاری گھنٹہ گھر اور دیگر اہم پروجیکٹوں کی تزئین و آرائش کا کام22 مئی سے سرینگر میں ہونے والے جی20سربراہی اجلاس سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کیلئے بہت سے منصوبوں کو ترجیح دی گئی تھی اور انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے منصوبے تقریباً تکمیل کے دہانے پر ہیں یا وہ مکمل ہو چکے ہیں۔ سرینگر میں منعقد شجر کاری مہم میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی ای او سمارٹ سٹی پروجیکٹ نے کہا کہ جی 20کیلئے اہم منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ گپکار جنکشن کو بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مرکزی شہر میں 7 سے 8 عمارتوںکو روشن کیا گیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے 4 سے 5 دنوں میں لفٹ ریور فرنٹ پروجیکٹ بھی مکمل ہو جائے گا۔اطہر عامر نے کہا کہ 120 میں سے 70 پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ دسمبر 2023 تک مکمل ہو جائیں گے جبکہ دیگر 16 پروجیکٹوں کو جون 2024 تک ڈیڈ لائن کے ساتھ ہی ختم کیاجایا جائے گا۔ سی این آئی