سرینگر// سلفیہ عربک کالج مومن آباد بٹہ مالو میں29ویں سالانہ یادرگار کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مقررین نے سماج میں اخلاقی اور روحانی اقدار کے ناپید ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث کے صدر غلام محمد بٹ المدنی نے کہاکہ مروجہ اور سائنسی علوم اپنے عروج کو چھو رہے ہیںاور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے بحر وبر کے فاصلے سمٹ رہے ہیں اورشرافت، مودت، محبت ، رواداری اور خلوص وللٰہیت کی اصطلاحیں محض کتابوں کی زینت بن چکی ہیں،اس لئے کہ سیرت سازی ،تہذیب اخلاق اور صالح معاشروں کی تشکیل کیلئے دینی اداروں کے قیام کے تعلق سے مسلم اُمہ کسی حد تک بے اعتنائی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ بٹ نے کہاکہ یہ عمل جہاں انتہائی تشویشناک ہے وہاں دردمندان ملت کا ایک بڑا حصہ دنیاکے ہر گوشے میں ابھی موجود ہے جو ان دینی دانش گاہوں کو ہر سطح پر فعال ومتحرک دیکھنے کیلئے کامیاب کاوشیں کررہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ مادرِ علمی صفہ اور دارارقم سے تعلیم وتعلّم کے حوالہ سے چلنے والی تحریک کی ایک کڑی ہے جس نے اپنے وجود کے روز اوّل سے ہی اب تک ملت کو سینکڑوں علماء وفضلاء فراہم کئے ہیں، اور مدینہ منورہ ومکہ مکرمہ کی یونیورسٹیوں سے فراغت حاصل کرنے والے یہاں کے طلباء کی تعداد بھی کچھ کم نہیں، جو زندگی کے مختلف شعبوں میں قرآن وسنت کی ترویج واشاعت کا کام کررہے ہیں۔ جمعیت کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے زیر تعلیم اور فارغ ہونے والے29؍ویں بیچ سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آپ قوم وملت کا بیش بہا سرمایہ ہیں اور علم ودانش سے منور ہوکر آپ زندگی کے مختلف شعبوں میں جانے کے ساتھ ساتھ باالخصوص میدان دعوت وارشاد آپ کا مرکز ہوگا، جہاں آپ کو ہرقدم انتہائی حساسیت اور سنجیدگی سے اُٹھانا ہوگا، حق کے داعی ہونے کی حیثیت سے آپ خلوص وللٰہیت اور مروت ومودت کے جذبات سے سرشار ہوں‘ ۔ انہوں نے پند ونصائح کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس اُمت کو ہر سطح پر جوڑنے کی کاوشیں کریں اور کسی ایسی حرکت کے غیر شعوری طور پر بھی مرتکب نہ ہوں جس سے وحدت اُمت میںرخنہ پڑنے کا ہلکا سا احتمال واندیشہ بھی ہو۔ نائب صدر مشتاق احمد ویری اور ممتاز اسکالر پروفیسر ظہور احمد المدنی نے مخاطب ہوکر ان اداروں کے قیام کے اصل مقاصد واہداف کو احسن انداز میںاُجاگر کیا۔ درس حدیث مستند اُستاذ حدیث الشیخ محمد رمضان البزلوی المدنی نے منفرد انداز میں دیا اور علم ودانش کے ایسے نکات بیان کئے کہ مدتوں یاد رہیں گے ۔ عالم عرب کے علماء نے الشیخ محمد رمضان البزلوی المدنی کی علم حدیث پر خاصی دسترس کو تسلیم کیا ہے۔استقبالیہ کلمات میںادارہ کے پرنسپل محمد سلیم ریشی المدنی نے ادارہ کی تاریخ اور اس علمی تحریک کے مقاصد واضح کئے۔ امسال اس دانش گاہ سے فارغ ہونے والے 27؍مستند علماء وفضلاء کی دستاربندی صدر جمعیت نے کی اور کئی مقابلوں میں اول دوم وسوم پوزیشنیں حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔
سماج میں اخلاقی اور روحانی اقدار کے ناپید ہونے پر تشویش
