سماج صنعتی انقلاب کے لئے تیار رہے :خورشید گنائی

سری نگر//گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے نوجوانوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے اور انہیں بہتر روزگار کے مواقعوں پر اضافہ کرنے کے لئے پالی ٹیکنیکل کالجوں اور آئی ٹی آئیز کے درجوں کو بڑھانے پر زور دیا تاکہ ریاست کے صنعتی سیکٹر میں ہنر مندوں کی مانگ پور ی کی جاسکے۔خورشید احمد گنائی نے ان باتوں کا اِظہار کل یہاں ایس کے آئی سی سی میں محکمہ تکنیکی تعلیم کی طرف سے منعقد ہ ایک کونسلنگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروگرام کا اشتراک سوزِ کشمیر نے کیا تھا۔سیکرٹری تکنیکی تعلیم محمد جاوید خان، ڈائریکٹر تکنیکی تعلیم انو ملہوترہ ، ہوٹیلئراور چیئرمین پی ایچ ڈی سی سی آئی کشمیر چپٹر مشتاق چایہ ،ایم ڈی جمکش عرفان احمد ،چیئرمین سوزِکشمیر سید برہان اندرابی ، آئی ٹی آئیز اور پالی ٹیکنیک سے تعلق رکھنے والے طلاب و کار خانہ دار اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہاکہ یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا کہ ہم نوجوانوں کو خود روزگار کمانے کے وسائل پیدا کرنے کی توقع رکھیں جب انہیں تکنیکی تعلیم سے روشنا س نہ کیا گیا ہو ۔انہوں نے کہا کہ سماج کو صنعتی انقلاب کے لئے تیار ہونا ہوگا اور اس مقصد کے لئے بچوں کو جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی سے باخبر کرناہوگا۔خورشید گنائی نے کہاکہ پولی ٹیکنیکل کالجوں میں نئے کورسوں کو متعارف کرنے کے علاوہ ہماری کوشش یہ رہنی چاہئے کہ ہم ریاستی تربیتی مراکز کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے رقومات صرف کریں ۔اس کے علاوہ طلاب کو تکنیکی تعلیم سیکھنے کے لئے مناسب ماحول فراہم کریں۔اس سے قبل سیکرٹری تکنیکی تعلیم نے کہا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران 1500 ریاستی نوجوانوں جنہیں مختلف آئی ٹی آئیز اور پالی ٹیکنیکل کالجوں میں تربیت فراہم کی گئی تھی ، کو مقامی صنعتی شعبے میں روزگارفراہم کیا گیا۔ہوٹیلیئر مشتاق چایہ نے حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ جس نے صنعتی شعبے کو ہنر مند کاریگر فراہم کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔