سلطان پورہ پٹن میں ایک اور ٹرانسفامرنصب کرنے کامطالبہ

 بارہمولہ // بارہمولہ کے پٹن امام باڈہ سلطان پور علاقے میں پچھلے کئی روز سے بجلی کی عدم دستیابی سے لوگ کافی پریشان ہیں جس کے نتیجے میں علاقہ گھپ اندھیرے میں ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں  نصب شدہ ٹرانسفارمر بار بار جل جاتا ہے جس سے پورے علاقے کے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ ہم نے کئی بار اس  معاملے کو محکمہ پی ڈی ڈی کی نوٹس میں لایا کہ علاقے میں ایک اور ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ نصب شدہ ٹرانسفارمر پر زیادہ دبائو نہ پڑے ، تاہم ابھی تک اس پر کوئی بھی کاروائی نہیں کی گئی،  جس کا خمیازہ یہاں کی آبادی کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر  بار بار خراب ہونے سے اکثر و بیشتر یہ علاقہ گھپ اندھیرے میں رہتا ہے ۔ صارفین نے ضلع انتظامیہ بارہمولہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں ایک اور ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ انہیں درپیش مشکلات سے نجات مل سکیں۔