سلطان پورہ میں سکولی عمارت پانچ سال سے تشنہ تکمیل

بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے سلطان پورہ کنڈی علاقے میں سرکار نے پانچ سال قبل ایک مقا می ہائی ا سکول کیلئے درکارمزید جگہ کیلئے ایک عمارت کی تعمیرکا آغاز کیا تھا تاہم ابھی تک یہ عمارت تشنہ تکمیل ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق سرکارنے 5 سال قبل سلطان پور گائوں میں سرکاری ہائی اسکول کیلئے ایک عمارت تعمیر کرنے کیلئے سنگ بنیاد ڈالا تاہم پانچ سال گذر جانے کے باوجود یہ عمارت نامکمل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی صرف دیواریں کھڑی کی گئی ہیں اوردیگر کام نامعلوم وجوہات کی بناء پر ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ عمارت طویل عرصہ سے چھت کے بغیر رہنے کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوںنے مطالبہ کیا ہے کہ اس سکولی عمارت کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے ۔