سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنے کی تیاری

نیویارک//امریکہ سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنے کے طریقوں پر غور کر رہا ہے، مستقل اراکین کی رکنیت ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے اراکین کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کی سلامتی کونسل کی رکنیت ختم کرنے کے امکان کی تحقیقات جاری ہے، ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
 
دوسری جانب برطانیہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں روس کی حیثیت کس طرح کم کی جائے، بحث کے لیے تیار ہیں۔
 
یوکرین کا کہنا ہے کہ جو رکنیت سوویت یونین کو حاصل تھی، وہ روس کو نہیں دی جانی چاہیے، روس کی رکنیت کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔
 
خیال رہے 1945میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین اور سوویت یونین کو مستقل رکنیت دی گئی تھی، 1991 میں سوویت یونین کے ٹوٹنے پر رکنیت روس کو منتقل کردی گئی تھی۔