سلامتی صورتحال برقراررکھنے میں فورسزکارول اہم

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے میں فورسز کا کلیدی رول رہا ہے۔راج بھون میں سپیشل ڈی جی جے اینڈ کے زون سی آر پی ایف کی طرف سے متعارف کی گئی جے اینڈ کے رول ماڈل سکیم کا رسمی طور آغاز کرتے ہوئے گورنر نے ریاست میں سلامتی صورتحال برقرار رکھنے میں سی آر پی ایف کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس جموں وکشمیر میں ترقیاتی اور سویک ایکشن سرگرمیاں بھی عملاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی بدولت ریاست کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں ایک موزوں پلیٹ فارم مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔گورنر نے کہا کہ رول ماڈل ایک ایسا شخص ہوتا ہے جو اپنی ذاتی زندگی میں اہمیت حاصل کرتا ہے اور جس سے دیگر نوجوان ترغیب حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے تا ہم ان کی صلاحیتوں کو ایک صحیح سمت دینا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی نو عمر بچوں نے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دے کر ریاست کا نام روشن کیا ہے۔گورنر نے کہا کہ سکیم کے تحت اس طرح کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی نشاندہی کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ۔گورنر نے ان نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ رول ماڈل سماج کا صحیح اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان 26جنوری کے موقعہ پر منعقد ہونے والے اشاعیہ میں بھی موجود ہونے چاہئیں۔اس سے پہلے گورنر نے ریاست کے رول ماڈلز کی عزت افزائی کی اور انہیں مومینٹوز تقسیم کئے۔اس موقعہ پر سپیشل ڈی جی سی آر پی ایف وی ایس کے کمودی نے ریاست میں سی آر پی ایف کی طرف سے سوک ایکشن پروگرام کے تحت عملائی جارہی سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت درشن پروگرام کے تحت ریاست کے دور دراز علاقوں کے356 نوجوانوں کو ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کا موقعہ فراہم کیا گیا ۔