سفینہ بیگ پیپلز کانفرنس خواتین ونگ کی صدر نامزد

سری نگر//سجاد غنی لون کی زیر قیادت پیپلز کانفرنس نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن بارہمولہ ، سفینہ بیگ کو پارٹی کی خواتین ونگ کا صدر مقرر کیا ہے۔پارٹی سربراہ سجاد لون نے سفینہ بیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وہ نئی ذمہ داریوں کوبحسن خوبی انجام دیں گی۔کے این ایس کے مطابق پارٹی کے ترجمان عدنان اشرف میر نے ایک بیان میں کہا کہ سفینہ بیگ کوپیپلزکانفرنس کی خواتین ونگ کی سربراہی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور پارٹی کو یقین ہے کہ وہ سیاست میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت میں اہم کردار ادا کریں گی اور ان کی مجموعی بااختیاری کیلئے کام کریں گی اوراُنہیں فیصلہ سازی کے عمل میںشامل کریں گی۔پیپلزکانفرنس کے سینئر نائب صدر عبدالغنی وکیل نے سفینہ بیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طاقتور آواز ہیں جو ہر سطح پر خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کے سیاسی نظام میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔پیپلز کانفرنس کے جنرل سیکریٹری عمران رضا انصاری نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سفینہ بیگ کی تقرری ’’خواتین کی فعال اور بامعنی شرکت‘‘ کو ان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے حوصلہ افزائی کرے گی جو ان پر اور ان کے مستقبل پر اثر انداز ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزکانفرنس خواتین رہنماؤں کیلئے جگہ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم ان کے لئے جگہیں بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل کیلئے ذمہ داری کی پوزیشن سنبھال سکیں۔