سعودی عرب میں بھارت سمیت20 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی

ریاض//سعودی عرب نے کورونا وائرس پھیلاو کو روکنے کیلئے ہندوستان اور پاکستان سمیت20 ممالک سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔  یہ عارضی پابندی بدھ کی رات 9 بجے سے نافذ ہوگئی۔ تاہم اس پابندی کا اطلاق سفارت کاروں، انکے اہل خانہ ،صحت کارکنوں اور طبی شعبہ سے جڑے افراد پر نہیں ہوگا۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا’’سعودی عرب کے صحت کے حکام کی انتھک کوششوں کے تحت احتیاط اور احتیاطی اقدامات کرنے اور کووڈ19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزارت داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے‘‘۔وزارت داخلہ نے کہا کہ جن ممالک کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان میں ارجنٹائنا ، برازیل ، مصر ، فرانس ، جرمنی ، ہندوستان ، انڈونیشیا ، آئرلینڈ ، اٹلی ، جاپان ، لبنان ، پاکستان ، پرتگال ، جنوبی افریقہ ، سویڈن ، سوئٹزرلینڈ ، ترکی ، متحدہ عرب امارات ، برطانیہ اور امریکہ  شامل ہیں۔