سسرال والوں سے تنگ آکر خاتون کی خود کشی کی کوشش

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ منجہاڑی علاقہ کی ایک خاتون نے سسرال والوں سے تنگ آکر کوئی زہریلی اشیاء نگل لی تاہم بر وقت مینڈھر ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے اس کو بچا لیا ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ نکہ منجہاڑی کی ایک خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس کا علاج معالجہ کرنے کے بعد اس کو چھٹی دے دی گئی ہے ۔شہناز اختر زوجہ مرحوم شوکت علی نامی متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کے خاوند کا انتقال 2001میں ایک سڑک حادثے کی وجہ سے ہوا تھا جس کے بعد وہ اپنے 2بچوں ہمراہ رہتی ہے تاہم سسرال والوں نے گزشتہ کئی برسوں سے اس کو انتہائی تنگ کر دیا ہے جس کی وجہ سے اس نے شدید پریشان ہو کر اس نے خود کشی کرنے کی کوشش کی ۔متاثرہ خاتون نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سسرال والوں نے اس سے زمین بھی چھین لی ہے جس کی وجہ سے وہ ایک کمرے میں رہنے پر مجبور ہے ۔خاتون نے بتایا کہ اس معاملہ میں کئی مرتبہ پولیس نے بھی مداخلت کی تاہم اس کے باوجود بھی سسرا ل والوں نے اس کو شدید پریشان کر دیا ہے ۔خاتون نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کیساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس کو تنگ کرنے والوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔