سری نگر کے راجباغ علاقے میں آتشزدگی، روزنامہ سرینگر میل کا دفتر خاکستر

سری نگر// گرمائی دارلحکومت سری نگر کے راج باغ علاقے میں جمعرات کو آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔
 
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے راجباغ علاقے میں عبداللہ برج کے نزدیک جمعرات کو ایک رہائشی مکان کی بالائی منزل سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
 
انہوں نے کہا کہ مالک مکان نے اس مکان کو روزنامہ سرینگر میل کو کرایہ پر دیا تھا اور اس میں کئی لوگ رہائش پذیر تھے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچے اور انہوں نے آگ کو قابو کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔
 
مذکورہ ذرائع نے کہا کہ آگ سے اس مکان کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ فائر ٹنڈرس عملے کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔
 
دریں اثنا متعلقہ محکمے کے ایک عہدیدار نے جائے واردات پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آگ کو اسی مکان تک محدود کر دیا اور اس کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔
 
انہوں نے کہا کہ مکان کے بالائی منزل پر سلینڈر کا دھماکہ ہوا بھی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہمارے اہلکاروں نے آگ کو قابو میں کر لیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے جس کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔