سری نگر// متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر نے پائین شہر کے عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ کے نزدیک منگل کی شام ایک 24 سالہ دو شیزہ پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں سماجی اور معاشرتی صورتحال روبہ زوال ہے۔
مجلس کی طرف سے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہمارا معاشرہ ہر سطح پر مجموعی طور پر روبہ زوال ہو رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا: ’بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے واقعات ، منشیات کی سنگین وبا کا پھیلاﺅ ، خودکشی کا بڑھتا ہوا رحجان ، گھریلو تشدد کے روح فرسا سانحات ، بچوں اور نوجوانوں میں عدم برداشت اور صبر و تحمل کا فقدان اور بے دینی کا فروغ ہر ذی حس اور باشعور شہری کےلئے حد درجہ تشویش ناک ہے‘۔
مجلس علما نے شہر سری نگر کے پائین علاقہ حول سے ملحقہ عثمانیہ کالونی وانٹہ پورہ میں گزشتہ شام کو ایک 24 سالہ لڑکی پر نامعلوم افراد کی جانب سے تیزاب حملہ کرکے اُسے بری طرح زخمی کر دینے کے واقعہ کو حد درجہ شرمناک اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کے شکنجے میں لایا جائے اور مجرمین کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ بزرگوں اور اولیائے کرام کی سرزمین پر اس طرح کے واقعات کا رونما ہونا ہم سب کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے ۔
مجلس نے دینی، ملی اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں ، علما، خطباءاور ائمہ حضرات کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے ارکان باشعور شہریوں خاص طور پر والدین پر زور دیا کہ وہ دور حاضر میں جدید سہولیات کی فراوانی کے تناظر میں ایک بہتر گھریلو اور پُر سکون معاشرتی زندگی اوربا وقار سماج کے قیام کےلئے اپنے بچوں پر نظر گذر رکھیں اور اپنی اولاد کی اسلامی اور دینی تربیت یقینی بنائیں تاکہ اس طرح کے افسوسناک واقعات کا انسداد ممکن ہو سکے۔