سری نگر میں تین روزہ سٹیٹ جیت کانڈو چمپئن شپ شروع

سری نگر/ جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر انڈور سٹیڈیم کمپلیکس میں جمعرات کو تین روز تک جاری رہنے والی ’جموں وکشمیر سٹیٹ جیت کانڈو چمپئن شپ‘ شروع ہوگئی۔ اس چمپئن شپ میں جموں وکشمیر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 800 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ’جیت کانڈو‘ ایک مارشل آرٹ کھیل ہے جس کی بنیاد مارشل آرٹ کے ماہر فنکار بروس لی نے ڈالی تھی۔ اس تین روزہ چمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی رواں برس جولائی میں منعقد ہونے والے قومی ’جیت کانڈو فیڈریشن کپ‘ میں شرکت کریں گے۔ مختلف قومی اور بین الاقوامی سطح کے ایونٹس میں جموں وکشمیر اور بھارت کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں بشمول حفصہ بٹ ، عاطف اور فراز نے جمعرات کو یہاں شائقین مارشل آرٹ کے سامنے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ دور درشن نیوز کے ڈائریکٹر قاضی سلمان نے کہا ’مجھے اس چمپئن شپ میں ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔ ایسے ایونٹس کی بدولت کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ میں اس ایونٹ کے انعقاد کے لئے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔