سرینگر/ارشاد احمد/ سرینگر ایئرپورٹ پرایک ایک دستی بم برآمد ہونے کے بعد ایک فوجی اہلکار کو حراست میں لیا گیا۔بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈراپ گیٹ پر اسکریننگ کے دوران، چھٹی پر جانے والے فوجی اہلکارکے سامان سے ایک ایچ ای (ہائی ایکسپلوسیو) ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوا اور اسے پوچھ گچھ کے لیے فوری طور پر حراست میں لیا گیا۔ فوجی کی شناخت42 آر آر کے بالاجی سومپتھ کے طور پر کی گئی ہے اور اسے پولیس چوکی ہمہامہ کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ادھر پلوامہ ضلع میں منگل کو 182 بٹالین سی آر پی ایف کا اہلکار مشکوک حالت ہلاک ہوگیا۔ سی آر پی ایف اہلکار، جو ڈسٹرکٹ پولیس لائن (ڈی پی ایل) پلوامہ میں تعینات تھا، کی طبیعت ناساز تھی اور اسے طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔ضلع ہسپتال پلوامہ میں ڈاکٹروں کی جانچ کے بعد فوجی کو مردہ قرار دیا گیا۔مرنے والے فوجی کی شناخت کانسٹیبل انکور (عمر35) ولد چندر ہاس ساکن سربلے اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے۔