سری لنکا کیخلاف ٹی20میچ میں چھکا بچانے کی کوشش میں اسمتھ کا سر زخمی

سڈنی //مایہ ناز آسٹریلین بلے باز اسٹیون اسمتھ سری لنکا کے خلاف ٹی20 میچ میں چھکا بچانے کی کوشش میں سر کی انجری کا شکار ہو گئے اور بقیہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ اتوار کو سڈنی میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ کے دوران پیش آیا۔ پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، جوش انگلس نے 48 رنز بنائے جبکہ اسمتھ 14رنز بنا سکے۔ یہ واقعہ سری لنکن اننگز کے 20ویں اوور میں پیش آیا جب ایک یقینی چھکا بچانے کی کوشش میں اسٹیون اسمتھ نے عمدہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو دوبارہ واپس میدان میں پھینک دیا۔ سری لنکا کو میچ کے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے تاہم وہ اوور میں 18رنز بنا سکے، اسمتھ کی اس شاندار کوشش کے باوجود حیران کن طور پر تھرڈ امپائر نے اسے چھکا قرار دیا حالانکہ جب انہوں نے گیند واپس پھینکی تو ان کا پیر ہوا میں تھا۔ میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور میں سری لنکا کی ٹیم صرف پانچ رنز بنا سکی اور آسٹریلیا نے فتح اپنے نام کر لی۔ کیچ بچانے کے بعد اسٹیون اسمتھ زمین پر ڈھیر ہو گئے اور انہیں سپورٹ اسٹاف پویلین لے کر گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی کہ ڈائیو مارتے ہوئے سر کے بل گرنے کی وجہ سے اسمتھ نیم بے ہوشی کا شکار ہو گئے، ان کی کچھ دن تک جانچ کی جائے گی اور ایک ہفتے تک وہ مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔ بورڈ نے تصدیق کی کہ اسمتھ سیریز کے بقیہ تین ٹی20 میچوں کے لیے آسٹریلین ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے تاہم اسمتھ کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
 
 
 

سری لنکا نئی اوور ریٹ پنالٹی پانے والی پہلی مینزٹیم بنی

سڈنی//آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے آخری اوور میں سری لنکا کو 30 گز کے گھیرے کے باہر صرف چار کھلاڑیوں کو رکھنے کی اجازت دی گئی۔ ایسی صورت حال میں وہ آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی میں نئے اوور ریٹ کے اصول کے تحت پنالٹی پانے والی پہلی مردوں کی ٹیم بن گئی ہے ۔ اس نئے نظام کے تحت ٹیموں کو آخری اوورکی شروعات اننگ کی شروعات ہونے کے بعد 85ویں منٹ میں کرنی ہے ۔ سری لنکا ایسا نہ کر سکا اور کپتان داسن شناکا کو باؤنڈری سے ایک کھلاڑی کو 30 گز گھیرے میں رکھنے کے کے لئے کہا گیا۔ یہ اوور ڈیبیو کرنے والے نووان تشارا نے کیا اور 16 رنز کھائے ، یہاں پر میتھیو ویڈ نے لیگ سائیڈ پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔یواین آئی