سری لنکا نے آٹھ ہندستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا

رامیشورم// (یو این آئی) سری لنکائی بحریہ نے وسطی رات میں آٹھ ہندستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا اور ان کے ٹرالر کو ضبط کرلیا۔ ماہی گیروں پر سری لنکائی آبی سرحد کے اندر داخل ہونے کا الزام ہے۔سری لنکائی بحریہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ان آٹھ ماہی گیروں کو تلائی منار کے شمال میں شمالی وسطی بحری کمان کے ایک فاسٹ اٹیک کرافٹ کی گشت کے دوران حراست میں لیا گیا۔تملناڈو محکمہ فشریز کے حکام نے کہاکہ گرفتار کئے گئے ماہی گیررامناتھ پورم ضلع کے رامیشور م کے رہنے والے ہیں۔ سری لنکائی بحریہ نے ہندستانی ٹرالر کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے او ر ماہی گیروں پر انٹرنیشنل میری ٹائم باونڈری لائن (آئی ایم بی ایل)میں انکے آبی علاقہ میں آکر ’باٹم ٹرالنگ‘ کا الزام لگایا ہے جو غیرقانونی طریقہ سے مچھلی پکڑنے کا ایک طریقہ ہے۔سری لنکائی بحریہ نے کہاکہ آگے کی قانونی کارروائی کے لئے ماہی گیروں اور ان کے ٹرالر کو متعلقہ سری لنکائی حکام کو سونپنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔گرفتار ہوئے ماہی گیر ان دو ہزار دیگرماہی گیروں میں شامل ہیں جو سنیچر کی صبح 515ٹرالروں میں سوار ہوکر رامیشورم سے دسمندر کی طرف روانہ ہوئے تھے۔ سری لنکائی بحریہ کے ذریعہ اس سال اب تک ہندستانی ماہی گیروں کی گرفتاری کا یہ چھٹا واقعہ ہے۔