یو این آئی
کولمبو// شدید اقتصادی بحران کا شکار سری لنکا میں تنازعات اور آتش زنی کے واقعات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ دارالحکومت کولمبو سے متصل شہر نگمبو میں منگل کی رات لگاتار دوسرے دن آتش زنی کے واقعات ہوئے جس سے املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاہے ۔مشتعل ہجوم نے سابق وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے کے بیٹے کی ملکیت میں ایک لگژری ہالیڈے ریزورٹ کو بھی نذر آتش کر دیا۔اس سے پہلے پیر کو مسٹر مہندا کی سرکاری رہائش گاہ سمیت سیاست دانوں کے 50 سے زیادہ گھروں کو ایک ہجوم نے نذر آتش کر دیا تھا۔ جن املاک کو آگ لگائی گئی ان میں ملک کے جنوبی علاقے میں راجا پاکسے خاندان کے لیے وقف ایک متنازع میوزیم بھی شامل ہے ۔جمعرات کی صبح تک ملک گیر کرفیو کے تحت بدھ کو مسلسل تیسرے دن دکانیں، کاروبار اور دفاتر بند رہے ۔حکام نے گزشتہ روز ہونے والے پْرتشدد احتجاج اور فسادات کے بعد بدامنی پھیلانے والے کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کردیے۔رپورٹ کے مطابق وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے ہزاروں اہلکاروں کی مدد سے کرفیو نافذ العمل ہے، انہیں حکم جاری کیا گیا ہے کہ ’اگرکوئی عوامی دولت کو لوٹے یا انہیں جانی نقصان پہنچانے کی کوشش کرے تو اسے دیکھتے ہی گولی ماردی جائے‘۔