سرینگر ۔جموں شاہراہ 7گھنٹوں تک بند

بانہال // بْدھ کی صبح رام بن کے نزدیک بیٹری چشمہ کے علاقے میں ایک مال بردار ٹرک کے بیچ سڑک میں خراب ہونے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کم از کم سات گھنٹوں تک بند رہی جبکہ شاہراہ کے بیٹری چشمہ اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک جام لگارہا جو آج شام تک مختلف جگہوں پرجاری تھا۔ ٹریفک زرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن کے نزدیک بیٹری چشمہ علاقے میں سرینگر سے جموں کی طرف جانے والا ایک مال بردار ٹرک بْدھ کی صبح نو بجے کے قریب بیچ سڑک میں خراب ہوگیا اور اس مقام پرپہاڑی کو کاٹ کر نئی سڑک تیارکی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی کاٹ کر سڑک کو تیار کرنے میں کم از کم پانچ گھنٹوں کا وقت لگا اور دوپہربعد دوبجے اس مقام پر سڑک کو  قابل ٹریفک بنایا گیا تاہم چھوٹی مسافراور فورسز گاڑیوں کی اور ٹیکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام لگ گیا جسے صاف کرنے میں مزید چار گھنٹوں کا وقت لگا۔ شاہراہ کے بند ہونے کے بعد  بیٹری چشمہ کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ ٹریفک کو مختلف مقامات پر روک بھی دیا گیا۔ بیٹری چشمہ ، قصبہ بانہال اور جواہر ٹنل کے درمیان تقریبا دس کلومیٹر کے حصے پر جموں جانے والی گاڑیاں ٹریفک جام  میں کئی گھنٹوں تک پھنس کر رہ گئیں اور شام چار بجے بعد ہی گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی۔ شدید تریفک جام کی وجہ سے سفر کرنے والے مسافروں کے علاوہ  بانہال ،چریل ، ٹھٹھاڑ، نوگام ،  کھڑی ، رامسو ،  اکڑال پوگل پرستان نیل چملواس اور رام بن کے علاقوں سے  تعلق رکھنے والے سکول اور کالج جانے والے بچوں ، سرکاری ملازموں ، مریضوں اور عام لوگوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بیشتر نے اپنی اپنی منزلوں کی طرف بڑھنے کے بجائے اپنا  سفر ترک کرکے واپس اپنے  گھروں کی راہ لی۔