سرینگر گلمرگ شاہراہ پر سوکھے چنار خطرے کا باعث

سرینگر//سرینگر گلمرگ شاہراہ پر ایک درجن سے زائد ایسے چنار موجود ہیں جو مکمل طور سوکھ چکے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر حکام نے کوئی احتیاطی اقدام نہیں کیا تو مستقبل میں ان چناروں کی وجہ سے کسی بھی آفت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یہ سوکھے چنار ناربل سے مازہامہ تک پھیلے ہوئے ہیں اور ایک زمانے میں یہ اس شاہراہ کی شان مانے جاتے تھے تاہم جب اس سڑک کو کشادہ کیا گیا تو ان چناروں کو بچانے کیلئے کوئی خیال نہیں کیا گیا اور نتیجے کے طور پر اس سڑک پر موجود اکثر چنار سوکھنا شروع ہوگئے جو ایک ماحولیاتی اعتبار سے ایک بڑا نقصان مانا جاتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق 2012میں سڑک کی کشادگی کے وقت ان چناروں کے ارد گرد بھی میکڈم ڈالا گیا ۔ اب یہ چنار مکمل طور سوکھ چکے ہیں اور وبالِ جان کا امکانی منظر پیش کررہے ہیں۔ مقامی باشندے اس سلسلے میں کافی فکر مند نظر آرہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا ہے کی اس گھمبیر صورتحال کی طرف حکام کوئی توجہ نہیںدیتے ہیں۔