سرینگر کے میئر کا قرعہ فال جنید متو کے نام

سرینگر//سرینگر میں میئر کا تاج نیشنل کانفرنس سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے جنید عظیم متو کے سر پر پیپلز کانفرنس اور بھاجپا کی حمایت کے ساتھ سج گیا۔ 74رکنی سرینگر میونسپل کارپوریشن میںجنید متو نے40جبکہ کانگریس کے غلام رسول حجام نے26ووٹ حاصل کئے۔ آزاد امیدوار شیخ عمران نے اس دوران ڈپٹی میئر کے عہدے پر قبضہ کیا۔ وادی میں4مرحلوں میں ہوئے بلدیاتی انتخابات کے دوران سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نتائج میں غیر واضح صورتحال سامنے آئی تھی۔الیکشن کے دوران اگرچہ کانگریس سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھر ی اور16انتخابی وارڈوں پر قبضہ کیا،تاہم53وارڈوں پر آزاد امیدواروں یا کچھ سیاسی جماعتوں و لیڈروں کی طرف سے در پردہ حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوئے۔ گزشتہ15دنوں سے میئر کے انتخاب کیلئے سیاسی اکھاڑے میں حرارت رہی اور آخر کار منگل  کوخفیہ ووٹنگ کے ذریع قرہ فال 3 انتخابی وارڈوں سے فتح حاصل کرنے والے بھاجپا و پیپلز کانفرنس کے حمایت یافتہ امیدوار جنید متو کے نام نکلا۔ جنید متونے کانگریس امیدوار غلام رسول حجام کو14ووٹوں سے شکست دی۔متو نے40جبکہ حجام نے26ووٹ حاصل کئے،جبکہ4ووٹ مسترد کئے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید متو کو پی ڈی پی کے باغی ممبران کی حمایت بھی حاصل تھی،اور یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جب پیپلز کانفرنس کا(حمایت یافتہ) امیدوار میئر کے عہدے پر برجمان ہوا ہے۔انتخابات کے دوران آزاد امیدوار شیخ عمران نے ڈپٹی میئر کے عہدے پر قبضہ کیا۔ شیخ عمران کو35جبکہ انکے انتخابی حلیف کو34ووٹ حاصل ہوئے،جبکہ ایک ووٹ کو مسترد کیا گیا۔جنید متو نے ستمبر میں نیشنل کانفرنس کی طرف سے پنچایتی وبلدیاتی انتخابات سے بطور احتجاج انتخابی بائیکاٹ کے بعد پارٹی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا،اور اس دوران آزاد امیدوار کی حیثیت سے4انتخابی وارڈوں سے الیکشن میں حصہ لیا،جس کے دوران انہوں نے3وارڈوں سے فتح حاصل کی تاہم چوتھے وارڈ سے وہ الیکشن ہار گئے۔20اکتوبر کو نتائج برآمد ہونے کے بعد پیپلز کانفرنس سربراہ اور ممبر اسمبلی ہندوارہ سجاد غنی لون نے جنید متو کو اپنی جماعت کی طرف سے میئر امیدوار نامزد کیا تھا۔کانگریس نے انتخابات سے چند روز قبل ہی  پارٹی کے رکن غلام رسول حجام کو میئر امیدوار جبکہ شیخ عمران کو نائب میئر امیدوار کے طور پر نامزد کیا تھا۔ ریاستی گورنر نے ایک انٹرویو کے دوران میئر الیکشن سے قبل ہی اس وقت تنازعہ کھڑا کیا تھا جب انہوں نے جنید متو کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ سرینگر میں’’ غیر ملکی تعلیم یافتہ میئر ہوگا۔