سرینگر//محکمہ جنگلی حیات نے سنیچر کو سرینگر کے باغ مہتاب علاقے میںپانچ روز تک گھومنے والے چیتے کو پکڑ لیا۔
اطلاعات میں محکمہ جنگلی حیات کے وارڈن الطاف حسین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مذکورہ جانور نے باغ مہتاب میں ایک غیر آباد مکان کے اندر پناہ لے رکھی تھی جہاں اُسے بیہوش کرکے پکڑا گیا۔
مذکورہ چیتے کو29دسمبر کے روز باغ مہتاب میں دیکھا گیا جس سے وہاں رہنے والے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔بعد ازاں چیتا غائب ہوگیا تاہم وائلڈ لائف محکمہ نے لوگوں کو چوکنا رہنے کی ایڈوائزری جاری کی۔
سوشل میڈیا پر لوگوں کو چیتے کا پیچھا کرنے کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوگیا تھا۔