سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ، محکمہ موسمیات کی برفباری کی پیشگوئی

سرینگر/محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ19جنوری سے کشمیر میں''شدید ''برفباری متوقع ہے جس سے وادی کے ساتھ زمینی و فضائی رابطے منقطع ہوسکتے ہیں۔اس دوران بدھ کو شہر سرینگر اور دوسرے مقامات میں ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

محکمہ کے مطابق یہ برفباری23جنوری تک جاری رہے گی جبکہ22جنوری کو یہ پورے عروج کو پہنچے گی۔

 ماہ جنوری میں اب تک وادی کشمیر کے اندر دو بار برفباری ہوئی ہے جہاں سردیوں کے شدید ترین ایام ''چلہ کلان'' جاری ہیں۔ کشمیری کلینڈر کے مطابق چلہ کلان کا سلسلہ 22دسمبرسے31جنوری، یعنی 40 روز تک جاری رہتا ہے۔

دریں اثناء سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام اور گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت باالترتیب منفی4.2اورمنفی6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔