سرینگر میں کئی ریسوینگ سٹیشن کا سنگ بنیاد

سرینگر//بجلی کے وزیر سُنیل شرما نے کہا ہے کہ حکومت ریاست میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی وعدہ بند ہے اور اس حوالے سے ترسیل اور تقسیم کاری کے نظام میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تا کہ ریاست کے لوگوں کو بل خلل بجلی فراہم کی جاسکے۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار کل یہاں کئی ریسوینگ سٹیشنوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کیا۔خوراک و سول سپلائیز کے وزیر محمد اشرف میر اور پی ڈی ڈی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔وزراء نے صنعتی علاقہ کھنموہ میں ریسوینگ سٹیشن کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے تیل بل، گاسو بٹہ پورہ اور باغبان پورہ میں آر اے پی ڈی آر پی۔بی کے تحت3 ریسوینگ سٹیشنوں کا سنگ بنیاد رکھا۔بجلی شعبۂ کو دوام بخشنے کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی سرکار نے پی ایم ڈی پی کے تحت1189.59 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں اور جموں / کشمیر صوبوں میں تمام سکیموں کے لئے ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت ریاست میں ترسیلی نیٹ ورک میں بہتری لانے کے لئے30 پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔ انہوں نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔