سرینگر میں ڈیجیٹل فلم پروڈکشن میں فائونڈیشن کورس کا آغاز

 سرینگر//سرینگر میں کل سے ڈیجیٹل فلم پروڈکشن سے متعلق ایک ماہ طویل فائونڈیشن کورس شروع ہوا ۔ اس کورس کا اہتمام فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی چیوٹ آف انڈیا پونے اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے مشترکہ طور کیا ہے ۔ڈائریکٹر ایف ٹی آئی آئی پونے بوپندر کنتھولا نے اس کورس کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ کورس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے میڈیا پیشہ واروں کے فلم سازی کے جدید ہنروں کے بارے میں روشناس کرایا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ ایف ٹی آئی آئی اورڈی آئی پی آر ۔جے کے کی پیشہ وارانہ وابستگی کا سفر اب شروع ہوچکا ہے اور یہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ ریاست کے میڈیا پیشہ واروں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کیا جاسکے تاکہ وہ جاب مارکیٹ کے چیلنجوں کا آسانی سے مقابلہ کرسکیں۔کنتھولا نے کہا کہ ایف ٹی آئی آئی نے ملک کے 19شہروں میں فلم اور ٹیلی ویژن کے شعبوں میں سکلنگ انڈیا کے تحت اب تک 2600 نوجوانوں کو فلم سازی کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں تربیت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل فلم پروڈکشن میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا فائونڈیشن کورس ہے اور وہ آگے بھی یہاں کے نوجوانوں کے لئے اس طرح کے کورسوں کا انعقاد کرتے رہیں گے ۔ریاست کے میڈیا طلاب کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر نے کہا کہ وہ ریاست کے نوجوانوں کے لئے ایف ٹی آئی آئی پونے میں بھی ڈیجیٹل فلم ایڈیٹنگ میں ایک کریش کورس کا اہتمام کر یں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایف ٹی آئی آئی ادارے میں داخلہ پانے والے ذہین طلاب کو مختلف سکالر شپ بھی فراہم کرتا ہے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ منیر الاسلام نے سرینگر میں ڈیجیٹل فلم پروڈکشن سے متعلق ایک ماہ طویل کورس کا انعقاد کرنے کے لئے ایف ٹی آئی آئی پونے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات ہمیشہ ریاست سے تعلق رکھنے والے جرنلزم اور میڈیا پیشہ واروں کی صلاحیتوں کو نکھار بخشنے کے لئے اقدامات کرے گا۔منیرالاسلام نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریاست کے اُبھرتے ہوئے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی متمنی ہے اور وہ یہ جان کر خوش ہوئی کہ ایف ٹی آئی آئی ریاست کے نوجوانوں کے لئے یہ قدم اٹھارہا ہے۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایف ٹی آئی آئی میں داخلہ حاصل کرنے والے ریاستی طلاب کو سکالرشپ دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ہنروں کو بڑھاوا دینے کے لئے تیار ہے اور محکمہ ایسے پروگرام کرتا رہے گا جو یہاں کے پیشہ واروں کو شعبہ کی اُبھرتی ہوئی ضروریات سے ہمکنار کرانے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔کورس ڈائریکٹر جے شری کنال نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس کورس کے شرکأ کو کہانی کاری کے طریقوں ، ایکٹنگ اور فلم سازی کے دیگر امور کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والوں کو اس دوران ایک بہترین تجربہ حاصل ہوگا اور ہر ایک طالب علم کم سے کم پانچ منٹوں پر مشتمل ایک چھوٹی فلم تیار کرے گا۔ایف ٹی آئی آئی سے تعلق رکھنے والے سندیپ شہارے نے فائونڈیشن کورس کا بنیادی خاکہ پیش کیا۔ افتتاحی تقریب میں جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر ظہور احمد میر، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ( پی آر) شیخ ظہور احمد ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر خواجہ منور ، فیلڈ پبلسٹی آفیسر محمد اسلم خان اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے دیگر افسرا ن بھی موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نیوز دور درشن کیندر سرینگر قاضی سلمان ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوز ریڈیو کشمیر سرینگر مشتاق احمد تانترے ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی بی محمد عباس کے علاوہ دور درشن اور ریڈیو سے وابستہ کئی دیگر افسران بھی تقریب پر موجود تھے۔تقریب میں وادی کے کئی فلم سازوں بشمول شفقت حبیب ، مشتاق علی احمد ، گل ریز ، مسعود منتظر ، مشتاق بالا ، جلال الدین بابااور موسیقار راجا بلال نے بھی شرکت کی۔اس کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں میڈیا طلاب بھی اس موقعہ پر موجو دتھے۔ڈائریکٹر ایف ٹی آئی آئی نے میڈیا طلاب اور ریاست کے فلم سازوں کے ساتھ استفسار کیا اور فلم سازی کے حوالے سے ان کے سوالات کا تفصیلی جواب دیا۔اس سے پہلے اپنے تعارفی کلمات میں ڈی آئی پی آر کے اے ای سی او نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور فلم سازی کے کشمیر کے ساتھ رشتے کا ایک خاکہ پیش کیا۔کورس کواڈنیٹر نذیر گنائی نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔بعدمیں ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ منیر الاسلام نے ایف ٹی آئی آئی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کو مومنٹوز اور کشمیری شال پیش کئے ۔