سرینگر میں علیحدگی پسندوں کی ریلی پولیس کے ہاتھوں ناکام، کئی کارکن گرفتار

سرینگر/پولیس نے سرینگر میں سوموار کو علیحدگی پسندوں کی ایک ریلی کو ناکام بناتے ہوئے متعدد کارکنان کی گرفتاری عمل میں لائی۔

اس احتجاجی ریلی کا اہتمام علیحدگی پسندلیڈروں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کی 35ویں  برسی کے موقع پر مرحوم کی باقیات لوٹانے کے حق میں کیا تھا۔

درجنوں کارکنان شہر کے مائسمہ علاقے میں جمع ہوئے جنہوں نے مرحوم مقبول بٹ اور مرحوم افضل گورو کی باقیات لوٹانے کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے مارچ کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق علاقے میں تعینات پولیس و فورسز اہلکار وں نے احتجاج کرنے والوں کا رستہ روک کر اُنہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی اور متعدد کی گرفتاری عمل میں لاکر مارچ کو ناکام بنایا۔

 ضلع کپوارہ کے ترہگام نامی گائوں کے رہنے والے، مقبول بٹ اور تارزو سوپور کے رہنے والے افضل گورو کو دلی کے تہار جیل میں 11فروری1984اور9فروری2013کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ بعد میں اُنہیں جیل احاطے میں ہی دفن کیا گیا۔