سرینگر میں حُسینی مجلس اور مشاعرے کا انعقاد

 سرینگر //ضلع سطح پر منعقد کئے جارہے حُسینی مجلس اور حُسینی مشاعروں کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے ریاستی کلچرل اکیڈیمی نے سوموار کو امامیہ فائونڈیشن سرینگر کے اشتراک سے سرینگر میں ایک حُسینی مجلس کا انعقاد کیا۔ حُسینی مجلس کی صدارت پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی۔ جبکہ سابق جسٹس بشیر احمد کرمانی، سیکریٹری اکیڈیمی ڈاکٹر عزیز حاجنی، امامیہ فائونڈیشن سرینگر کے صدر امداد ساقی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔ مجلس کی پہلی نشست میں غلام حسین غمگین نے کلامِ پاک اور نعتِ محمدؐ پیش کیا۔ اس کے بعد سابق جسٹس بشیر احمد کرمانی نے کربلا اور امام حُسین کے حوالے سے ایک توسیعی خطبہ پیش کیا۔اس موقعے پر سیکریٹری اکیڈیمی ڈاکٹر عزیز حاجنی نے اپنے خطبے میں کہا کہ ریاستی کلچرل اکیڈیمی اس طرح کی مجالس دوسرے اضلاع میں بھی منعقد کررہی ہے جن میں ایک ایک  توسیعی خطبہ پیش کیاجائے گا ۔مجلس کی دوسری نشست حُسینی مشاعرے پر مشتمل تھی۔مشاعرے میں جن شعراء حضرات نے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا اُن میںمحمد زمان آزردہ، پروفیسر نسیم شفائی، پروفیسر شاد رمضان،رخسانہ جبین، رفیق راز، سید شبیب رضوی، شوکت انصاری، شمشاد کرالہ واری، ظریف احمد ظریف، میر شبیر احمد، غلام حسین غمگین، محمد یوسف فگار، امداد ساقی، ایوب صابر قابلِ ذکر ہیں۔ مشاعرے کی نظامت کلچرل اکیڈیمی کے اسسٹنٹ ایڈیٹر انسائیکلو پیڈیا ڈاکٹر سید افتخار احمد نے کی۔