سرینگر میونسپل کارپوریشن کی پالی تھین مخالف مہم

 سرینگر //مونسپل کارپوریشن سرینگر نے شہر کے متعدد علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 1کوئنٹل پالی تھین ضبط کرکے 5ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ منگل کو سرینگر مونسپل کارپوریشن کے پالی تھین مخالف سکارڈ نے کرن نگر ، بٹہ مالو ، لالچوک ، جہانگیر چوک اور دیگر علاقوں میں دکانوں پر چھاپے مارے ۔مونسپل کارپوریشن سرینگر کے کمشنر ریاض احمد وانی ، جو 15دنوں کے بعد پالی تھین مخالف مہم کی جائزہ میٹنگ کرتے ہیں، نے پالی تھین مخالف سکاڈ سربراہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قاضی جاوید کو ہدایت دی کہ وہ مہم میں سرعت لائیں اور عوام کو پالی تھین کے مضر اثرات کے بارے میں جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ بازاروں کا معائنہ کریں۔ ریاض احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کی جانب سے منگل کو شہر کے مختلف بازاروں کا معائینہ کیا گیا جس کے دوران بھاری مقدار میں پالی تھین ضبط کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ایسے لوگوں پر بھی جرمانہ رعائد کیا گیا جو پالی تھین ہاتھ میں اٹھا کر لے جا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق یہ مہم آگے بھی جاری رہے گی ۔انہوں نے تاجروں اور اس کا استعمال کرنے والے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پالی تھین کے استعمال سے گریز کریںورنہ اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔