سرینگر// سرینگر مونسپل کارپوریشن میں وارڈ افسران کے پے در پے تبادلے جاری ہیںاور15روز کے اندر کئی افسران کے کئی بار تبادلے عمل میں لائے گئے جس وجہ سے انتظامی کام میں خلل پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق کمشنر سرینگر مونسپل کارپوریشن نے بدھ کو ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں15وارڈ افسران اور بلڈنگ انسپکٹروں کے علاوہ سب انسپکٹروں کوتبدیل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق آرڈر نمبر1580 of 2018محرر 12ستمبر2018میں ان وارڈ افسران کے نام بھی شامل ہے،جنہیں صرف10روز قبل تبدیل کیا گیا تھا۔ وارڈ نمبر23کے وارڈ آفسر نثار احمد آزاد کے علاوہ بشیر احمد بٹ (فریرا) مجیب حسین اور شاہد اسرار کے نام بھی شامل ہیںجبکہ انہیں31اگست کو حکم نامہ زیر نمبر1406 of 2018 کے تحت تبدیل کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے کئی افسران نے ابھی کرسی سنبھالی بھی نہیں تھی کہ تبادلوں سے متعلق ایک اور حکم نامہ جاری کیا گیا ۔اس حوالے سے10 ستمبر کو ہی ایک حکم نامہ زیر نمبرSMC/PS/COM/4701-58کمشنر ایس ایم سی کی طرف سے جاری کیا گیا تھا،جس میں کہا گیا کہ جن افسران کے تبادلے عمل میں لائے گئے،ان میں سے کئی ایک نے نئی جگہوں پر حاضری نہیں دی ہے اور اگر فوری طور پر انہوں نے نئی جگہوں پر حاضری نہیں دی تو ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔۔اس سے قبل سرینگر مونسپلٹی میں31اگست کو20وارڈ افسراں کے تبادلے عمل میں لائے گئے۔ اس فہرست میں وارڈ افسر عُرفان حسین میر کو وارڈ نمبر26سے تبدیل کر کے وارڈ نمبر18 میں تعینات کیا گیاجبکہ انکی جگہ وارڈ نمبر18 سے محمد مقبول کو تبدیل کر کے انکی جگہ تعینات کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس دوران5روز بعد ہی5 اگست کو کمشنر سرینگر مونسپل کارپوریشن نے ایک اور حکم نامہ زیر نمبر1485 of 2018جاری کیا،جس میں کہا گیا’’حکم نامہ زیر نمبر1406 of 2018 میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے،اس بات کی ہدایت دی جاتی ہے کہ عُرفان حسین میر وارڈ نمبر26میں بدستور کام کرتے رہیںجبکہ محمد مقبول جو وارڈ نمبر26میں تبادلے کے احکامات کے تحت تھے،بھی اپنی ہی جگہ یعنی وارڈ نمبر18میں کام کریں‘‘۔محکمانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی پر بس نہیں ہوابلکہ اس کے صرف ایک روز بعد ہی کمشنر سرینگر مونسپل کارپوریشن نے ایک ہفتے میں تیسرا حکم نامہ زیر نمبر1463 of 2018جاری کیا جس میں کہا گیا’’ حکم نامہ زیر نمبر1458 of 2018محرر5 ستمبر2018 کو زیر نمبرSMC/PS/COM/4496-4502 کے تحت جاری کیا گیا تھا فوری طور پر زیر التواء رکھا جاتا ہے‘‘۔ادارے میں آئے روزتبادلوں کی وجہ سے جہاں ملازمین تذبذب کے شکار ہوچکے ہیںوہیں عوام بھی ذہنی کوفت میں مبتلا ہوچکی ہے کہ کس وارڈ افسر کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے۔
سرینگر مونسپل کارپوریشن میں وارڈ افسران کے پے در پے تبادلے
