سرینگر//سرینگر ہوائی اڈے پر عنقریب ہی شبانہ لینڈنگ سہولت دستیاب ہوگی جس کے لئے متعلقہ ایجنسیوں کی طرف سے تمام تیاریاں کی جارہی ہیں۔یہ جانکاری وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران دی گئی۔اس سہولت کے شروع ہونے سے ریاست میں ایک طرف سیاحتی سیکٹر کو دوام حاصل ہوگا اور دوسری طرف ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ روابط میں بھی اضافہ ہوگا۔علاوہ ازیں ریاست کی اقتصادیات کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے شبانہ پروازیں چلانے کیلئے لازمی اجازت دی ہے اور اس سلسلے میں ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا اور دیگر ریاستی ایجنسیاں ہوائی اڈے پر بنیادی ڈھانچے کو فروغ دی رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے تمام کام ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ اس سہولت کو وادی میں سیاحتی سیزن کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے ائیر پورٹ پر شبانہ پروازوں کے لئے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کو پورا کرنے کے لئے3.86 کروڑ روپے فوری طور واگذار کرنے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے متعلقہ ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ہمہامہ سے سرینگر ہوائی اڈے کو جانے والی سڑک پر ٹریفک کی گنجانیت کو کم کرنے کے لئے بھی اقدامات اُٹھائیں۔انہوں نے گیٹ پر مزید باڈی سکینر نصب کرنے کے امکانات تلاش کرنے ، گیٹ سے ٹرمنل عمارت تک سڑک کی کشادگی اور ہوائی اڈے کے اندر مسافروں کو بسوں کے ذریعے لے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے جموں ہوائی اڈے کو وسعت دینے کے کام کا جائیزہ لیتے ہوئے رن وے کو وسعت دینے کا کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت دی جس کے لئے ٹینڈر پہلے ہی جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ڈویثرنل کمشنر جموں اور جموں ائیر پورٹ اتھارٹی سے کہا کہ وہ اراضی کے تبادلے کے لئے لوازمات پورا کریں تا کہ رن وے پر وسعت کا کام جلد از جلد شروع کیا جاسکے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ بیلی چرانہ میں 375 کنال اراضی پہلے ہی محکمہ پشو پالن کو رن وے کے لئے درکار اراضی کے بدلے دی گئی ہے اور باقی ماندہ زمین محکمہ کو چٹھہ میں دی جائے گی۔محبوبہ مفتی نے جموں ائیر پورٹ حکام اور ڈویثرنل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ جموں ائیر پورٹ پر لینڈنگ کے اوقات5 بجے سے آگے لے جانے کے امکانات تلاش کر کے اس حوالے سے اقدامات اُٹھائیں۔وزیر اعلیٰ نے جموں صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ جموں میں گرین فیلڈ ائیر پورٹ تعمیر کرنے کے لئے جگہ کی نشاندہی کریں۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، فائنانشل کمشنر مکانات و شہرقی کے بی اگروال، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹری ، کشمیر جموں کے صوبائی کمشنرز، ائیر پورٹ اتھارٹی کے نمائندے اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
سرینگر طیران گاہ پر شبانہ پروازوں کا آغاز عنقریب
