سرینگر //سرینگر شہر میں پچھلے 10ماہ کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افرادت کی تعداد 26ہزار کے پار ہوگئی ہے۔ سنیچر کو سرینگر شہر میں 12مسافروں سمیت 38افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اس طرح شہر میں متاثرین کی تعداد 26005ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سنیچر شام تک 26005متاثرین میں سے مزید 36افراد صحتیاب ہونے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔ سرینگر ضلع میں ابتک 26005متاثرین میں سے 25ہزار 283افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ضلع میں سب سے زیادہ 453اموات ہوئی ہیں۔ سرینگر ضلع میں ابھی بھی 269متاثرین زیر علاج ہیں۔ سرینگر میں وائرس متاثرین کی کمی کی تصدیق کرتے ہوئے جی ایم سی ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کہا کہ اس بات میں کوئی شخص نہیں ہے کہ متاثرین کی تعداد کافی کم ہے لیکن اس کے بائوجود بھی بیرون ریاستوں سے آنے والے افراد کی وجہ سے روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بھی کافی زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر شہر میں وائرس سے کافی کم لوگ متاثر ہورہے ہیں لیکن قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل آوری ابھی بھی لازمی ہے۔
سرینگر شہر میں متاثرین کی تعداد 26ہزار کے پار
