سرینگر سے اودہمپور تک شاہراہ پربدستور2دنوں کی بندشیں | 6مئی کے بعد نظر ثانی کا امکان

جموں//حکومت نے اس ماہ کے اوائل میں سرینگر جموں قومی شاہراہ  پر حفاظتی عملے کی کانوائیوں کی سلامتی کیلئے سویلین ٹریفک کی آمدورفت پر پابندیاں عائد کی تھیں ۔ریاستی سرکار کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بڑے پیمانے پر حفاظتی عملے کی نقل و حمل ناگزیر بن گئی تھی اور یہ دستے ملی ٹینسی مخالف کاروائیوں اور عام انتخابات کے پُر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے درکار تھے ۔ حفاظتی عملے کی کانوائیوں کی بلا خلل آوا جاہی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے بارہمولہ سے اودھمپور تک ہفتے میں دو دن اتوار اور بدھ کو صبح چار بجے سے شام پانچ بجے تک سویلین ٹریفک کی آمدو رفت پر پابندی عائد کی تھی ۔یہ پابندی ہفتے کے کل وقت کے 15 فیصد کے اوقات پر ہی عائد تھی ۔ مقامی انتظامیہ نے پابندی کے اوقات کے دوران عوام کی نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے وسیع انتظامات کئے ۔ علاوہ ازیں حفاظتی عملے کی کانوائی کی آزادانہ نقل و حمل کے ساتھ ساتھ سویلین نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے 100 سے زائد ایگزیکٹو مجسٹریٹس کو تعینات کیا گیا ۔ حکومت حفاظتی عملے کی کانوائی کی برسرِ موقعہ ضروریات پر نظر گذر رکھنے کے ساتھ ساتھ عوامی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے ۔ مثال کے طور پر 17  اپریل 2019 ( بدھ ) کو کانوائی کا دن ہونے کے باوجود حفاظتی عملے کی کانوائی کی نقل و حمل کی کوئی ضرورت نہیں پڑی ۔ حکومت نے ایک مرتبہ پھر حفاظتی عملے کی ضروریات بالخصوص 11  اپریل 2019 کو بارہمولہ اور جموں جبکہ 18 اپریل 2019 کو سرینگر اور کٹھوعہ میں چناؤ کے کامیاب تناظر میں ایک مرتبہ پھر جائیزہ لیا ۔ حفاظتی عملے کی ضروریات چونکہ کم ہو رہی ہیں اور انہیں واپس لایا جا رہا ہے ، حکومت نے ٹریفک پر پہلے لگائی گئی پابندیوں کو جزوی طور نرم کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ سرینگر اور بارہمولہ کے درمیان سویلین نقل و حمل پر اب پابندیاں 22 اپریل 2019 سے صرف اتوار تک ہی محدود رہیں گی اور بدھ کو سویلین ٹریفک پر کوئی پابندی عائد نہیں رہے گی ۔ سرینگر اور اودھمپور کے درمیان پہلے کے مطابق پابندیاں جاری رہیں گی البتہ ان کا متواتر طور جائیزہ لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر نرمی بھی برتی جائے گی ۔ سرینگر اور اودھمپور کے درمیان پابندیوں کے دنوں یعنی اتوار اور بدھ کے ساتھ ساتھ بارہمولہ اور سرینگر کے درمیان اتوار کو مقامی انتظامیہ سویلین ٹریفک کی آوا جاہی کیلئے حسبِ ضرورت انتظامات کرتی رہے گی جیسا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران کیا گیا ۔ مزید مقامی انتظامیہ اور پولیس شاہراہ پر کانوائی دنوں کے دوران بھی جے کے ایس آر ٹی سی کے عوامی ٹرانسپورٹ کو اجازت دینے کے امکانات کا جائیزہ لیا کریں گے ۔ اس کے علاوہ 6  مئی 2019 کو پارلیمانی انتخابات کے آخری مرحلے کے بعد شاہراہ پر پابندیوں کا مکمل جائیزہ لیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ ان کی ضرورت ہے یا نہیں ۔ حکومت نے کہا ہے کہ یہ پابندیاں ہر ایک کی سلامتی کے مفاد میں ہیں۔ حکومت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک کی بلا خلل نظامت کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھر پور تعاون دیں ۔ حکومت لوگوں کی ضروریات سے بخوبی واقف ہے اور حفاظتی عملے کی ضروریات کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور یہ پابندیاں دونوں پہلوؤں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلئے عملائی جا رہی ہیں ۔ آنے والے ایام کے دوران ان پابندیوں کا برسرِ موقعہ جائیزہ لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اس میں ترامیم لائی جائیں گی ۔ 
 
 
 
 

ہائی سیکورٹی رجسٹریشن نمبر پلیٹ

گاڑی مالکان کو 15مئی تک کی مہلت

بلال فرقانی
سرینگر// ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ کے بغیر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے متنبہ کیا کہ15مئی تک اپنی گاڑیوں میںیہ پلیٹ نصب نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اس بات کی رپورٹیں موصول ہوئیں ہے کہ ریاست میں’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب کرنے کے بغیر ہی کافی تعداد میں گاڑیاں نقل و حرکت کر رہی ہیں،جو کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ زیر نمبرTC/JK/MV/2019/3091-3118 محرر18اپریل2019جاری کیا ہے،جس میں کہا گیا’’ تمام گاڑیوں میں ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب کرنا پہلے ہی ٹرانسپورٹ کمشنر جموں کشمیر نے نوٹیفکیشن زیر نمبرTC/JK/2012/4521-47 محرر24مئی 2012کے تحت لازمی قرار دیا ہے،اس لئے اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی تک جن لوگوں نے اپنی گاڑیوں میں ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب نہیں کئے ہیں،انہیں یہ پلیٹ نصب کرنے کیلئے آخری موقعہ دیا جاتا ہے۔ حکم نامہ کے مطابق’’ان گاڑی مالکان کو حتمی موقع دیا جاتا ہے،جنہوں نے اب تک ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ نصب نہیں کئے ہیں،کہ وہ تسلیم شدہ دکانوں سے رابطہ قائم کر کے اپنی گاڑیوں میں یہ پلیٹ15مئی تک نصب کریں،جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘‘اس دوران  غیر تسلیم شدہ دکانداروں کو بھی انتباہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کسی بھی دکاندار کو نمبر پلیٹ نصب کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکم نامہ میں غیر تسلیم شدہ دکانداروں،تجارتی فرموں، اور انفرادی سطح پر نمبر پلیٹ نصب کرنے والوں کو اس غیر قانونی عمل سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم نامہ میں رجسٹریشن حکام اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ریاست میں تمام گاڑیوں میں ’ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹ‘‘ کے نفاذ کو یقینی بنائے۔