سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت بحال

سری نگر// وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والی سرینگر جموں قومی شاہراہ، جمعرات کو ناچلانہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گٸی ہے۔
 
سرکاری ذرائع کے مطابق بانہال اور رام بن کے درمیان پڑنے والے علاقے ناچلانہ میں ملبہ ہٹانے کے لیے آدمیوں اور مشینری کو کام میں لگایا گیا تھا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد محکمہ ٹریفک نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جموں سری نگر ہائی وے پر کلیئرنس کا کام مکمل ہونے تک سفر نہ کریں۔
 
محکمہ ٹریفک کے ایک اہلکار نے بتایا، "ہائی وے اب گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھل چکی ہے اور پھنسے ہوئے گاڑیوں کو نکالا جا رہا ہے“۔
 
دریں اثناء، مغل روڈ، جو شوپیاں کو پونچھ اور راجوری اضلاع سے ملاتی ہے، پیر کی گلی میں برف جمع ہونے کے پیش نظر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند ہے۔
 
اس کے علاوہ، زوجیلا پر برف جمع ہونے کے پیش نظر سری نگر-سونمرگ-گمری سڑک کو گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لیے بند رکھا گیا۔
 
عہدیدار نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگرچہ زیرو پوائنٹ تک برف صاف کردی گئی ہے لیکن حالیہ برفانی تودے کی وجہ سے سڑک کو کھولنا ممکن نہیں تھا۔
 
محکمہ ٹریفک کے اہلکار نے بتایا کہ برف کے جمع ہونے کے پیش نظر کشتواڑ-سنتھن سڑک بھی بند رہی۔