سرینگر جموں شاہراہ پر غیر ضروری کھدائی سے شیر بی بی وگن کی بستی کو خطرہ لاحق!

محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر شیر بی بی کے وگن علاقے میں مقامی لوگوں نے فورلین کمپنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیکر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کو کچھ وقت کیلئے بند کر دیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں نے غلط کھدائی کرکے وگن کے درجنوں رہائشی مکانوں کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیر بی بی کے وگن کی بستی کو نیچے سے کھودی جارہی سڑک کی وجہ سے شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور بارشوں کا تازہ سلسلہ اس بستی کے کئی رہائشی مکانوں کو زمین بوس کرنے کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وگن کی بستی کے نیچے سے فورلین شاہراہ کی کھدائی کی وجہ سے زمین مسلسل کھسک رہی ہے۔احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کی خبر ملتے ہی تحصیلدار بانہال امتیاز احمد اور ایس ایچ او بانہال نعیم الحق موقع پر پہنچے اور انہوں نے لوگوں کے مسئلے کو غور سے سننے کے بعد انہیں جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس یقین دہانی کے بعد لوگوں نے دھرنا ختم کرکے گاڑیوں کو بحال کرنے کی اجازت دی۔ اس موقع پر مقامی سرپنچ منیر احمد سوہل نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کمپنیوں کی ناتجربہ کاری اور بے ڈھنگی کھدائی کی وجہ سے شیر بی بی وگن ، روم پڑی اور رتن باس کی آبادیوں کو خطرہ لاحق ہوا ہے اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا اور اس کی تعمیراتی کمپنیاں ناتجربہ کار انجینئرنگ کی وجہ سے لوگوں کی ملکیتی اراضی اور رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچانے کیلئے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان رہائشی بستیوں کے دامن سے تعمیر کی جانے والی فورلین شاہراہ کی کھدائی 90 ڈگری کے زاویے پر کی گئی ہے اور آنے والی بارشوں میں وگن اور روم پڑی کی بستیوں کو شدید خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کمپنیوں اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کو فورلین شاہراہ کی زد میں آنے والے متاثرین کے حق میں فوری طور پر معاوضہ ادا کرنا چاہئے اور ان کی بعض آباد کاری کیلئے اقدامات کرنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورلین تعمیراتی کمپنیوں نے بے تحاشہ کٹائی کرکے لوگوں کی زمینوں اور کھیت کھلیانوں کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں لوگ پریشان حال ہیں اور فورلین شاہراہ کی کمپنیاں لوگوں کے پہنچائے گئے نقصان پر ٹس سے مس نہیں ہورہی ہیں بلکہ من مرضی کی جارہی ہے۔