سرینگر جموں شاہراہ پرآج بندرہے گی

بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر مکرکوٹ کے مقام جمعہ کی شام سے بند پڑی شاہراہ کو سنیچر کی صبح ایک طرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا تھا اور پسی کے دونوں طرف درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی تاہم جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے تازہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر واقع مکرکوٹ کے مقام شاہراہ کو دو طرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کا کام جاری ہے اور اس دوران پتھروں کے گرتے سلسلے کی وجہ سے بحالی کا کام بار بار متاثر ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ مکرکوٹ کی پسی کے دونوں طرف بارہ سو کے قریب گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف نکالا گیا تاہم متاثرہ مقام پر سڑک کی تنگی کی وجہ سے تازہ ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مکرکوٹ پسی کے مقام پتھر گر رہے ہیں اور جاری کام کے پیش نظر اتوار کے روز شاہراہ پر کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کود و طرفہ ٹریفک کے قابل بنانے کیلئے اتوار کودرماندہ ٹریفک کو ہی چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکرکوٹ کی پسی کے مقام مسلسل پتھر گر رہے ہیں اور کئی چٹانیں لٹک رہی ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کی شام مکرکوٹ کے مقام فورلین شاہراہ کے ایک زیر تعمیر ٹنل سمیت پوری پہاڑی شاہراہ پر گر آئی تھی اور ٹنل کے ڈھانے کیلئے تعمیر کیا گیا کنکریٹ کا تمام سلسلہ پہاڑی سمیت زمیں پر گر آیا تھا۔ اس  فورلین ٹنل کا کام حال ہی میں شروع کیا گیا تھا اور اسے پنتھیال کے پل تک تعمیر کرنا ہے۔